10

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پر جرمانوں کی شرح میں 200 فیصد کا اضافہ

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے جرمانوں کی شرح میں 200 فیصد اضافہ کر دیا۔

موٹروے پولیس کے مطابق ریوائزڈ جرمانوں کی شرح شیڈول 12 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے جس میں 7 نئی ٹریفک خلاف ورزیوں کے کوڈ بھی شامل کیے گئے ہیں۔

موٹر وے پولیس حکام کے مطابق نئی شرح کے تحت جرمانوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا، اوور سپیڈنگ پر اب 750 روپے کے بجائے 2500 روپے جرمانہ ہوگا، غلط اوور ٹیکنگ پر 300 روپے کے بجائے1500 روپے جرمانہ ہوگا، بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 750 روپے کے بجائے اب 5000 روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق ایمرجنسی سروس وہیکل و ایمبولنس کو راستہ نہ دینے پر 1 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، غفلت سے ڈرائیونگ کرنے پر جرمانے کی شرح 3 سو کے بجائے 1500 جرمانہ ہوگا، ٹریفک کوڈ میں پہلی دفعہ دوران ڈرائیونگ، موبائل فون ٹیبلیٹ یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائس کے استعمال پر بھی پابندی خلاف ورزی پر 5 سو روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

دوران ڈرائیونگ اور دوران سفر ڈرائیور و سوار کے لیے سیٹ بیلٹ بھی لازمی قرار دی گئی ہے جس کی خلاف ورزی پر15 سو روپے جرمانہ ہوگا، سائیڈ مرر یا ناقص شیشے کے ساتھ ڈرائیونگ پر بھی اب 5 سو روپے کا چالان ہوگا۔

گاڑی پر غیرقانونی پولیس یا دیگر محکمے کی ریوالونگ لائٹ پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، فینسی نمبر پلیٹ یا ان مشین ریڈ ایبل پلیٹ پر ایک ہزار روپے جرمانہ ہوگا، ایچ آئی ڈی لائٹ کے استعمال پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، شیشے کالے کرکے ڈرائیونگ پر بھی ایک ہزار روپے جرمانہ مقرر کردیا گیا ہے۔

جرمانوں کی شرح مقرر کیے جانے کے بعد آئی جی نیشنل ہائی وے موٹر وے پولیس نے فیلڈ اسٹاف کو جرمانوں کی ریوائزاڈ شرح کے بارے میں بروشرز اور پمفلٹس کے ذریعے ڈرائیورز کو آگاہی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔