11

بلوچستان کسٹم کی کارروائیاں، 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان برآمد

بلوچستان کسٹم نے اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں مختلف علاقوں سے 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا غیر ملکی سامان برآمد کرلیا۔

حکام کے مطابق کسٹمز نے لکپاس، زیارت کراس اور رکھنی میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ٹرکوں سے بڑی تعداد میں غیر ملکی زنانہ و مردانہ کپڑا، چھالیہ، ٹائرز، پیرا شوٹ، نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور دیگر سامان برآمد کیا جو اسمگلر اندرون ملک اسمگل کرنا چاہتے تھے۔

لکپاس کے مقام پر کسٹم حکام نے ٹرک سے پیراشوٹ کپڑا، لیڈیز کپڑا، اور دو نان کسٹم پیڈ گاڑیاں تحویل میں لیں۔

زیارت کراس فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ نے ایک ہینو مزدا سے 125 عدد ٹائرز برآمد کیے۔

رکھنی فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ نے ایک چھ ویلر ٹرک سے 4000 کلو گرام چھالیہ برآمد کی۔

کسٹم حکام کے مطابق برآمد سامان کی قیمت دس کروڑ روپے سے زائد ہے۔