13

سری لنکن ٹیم بھارتی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پوری ٹیم 50 رنز پر ڈھیر

ایشیا کپ ون ڈے فائنل میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوگئی، پوری ٹیم صرف 50 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

کولمبو میں کھیلے جارہے فائنل میں سری لنکا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔

فائنل میں سری لنکا کی بیٹنگ بارش کے سبب تاخیر سے شروع ہوئی لیکن میچ کا آغاز ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن ڈگمگاگئی۔

 

سری لنکا کے ابتدائی 6 بیٹرز صرف 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے جبکہ پوری سری لنکن ٹیم 15.2 اوورزمیں 50 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔

بھارت کے بولر محمد سراج نے  تباہ  کن بولنگ کرتے ہوئے 21 رنزدے کر 6 وکٹیں لیں جبکہ ہاردک پانڈیا نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے اور ایک وکٹ بمراہ کے حصے میں آئی۔

سری لنکا کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، سری لنکا کےکوشل مینڈس 17 رنز بنا کر نمایاں رہے، سری لنکا کے پانچ کھلاڑی صفرپرآوٹ ہوئے۔

بھارت کپتان روہت شرما نے ٹاس کے موقع پر کی جانے والی گفتگو میں کہا تھا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم پہلے بیٹنگ کرتے۔

سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ پچ بیٹنگ کےلیے سازگار لگ رہی ہے ۔

یہ میچ کولمبو میں کھیلا جارہا ہے جہاں آج بھی بارش کی پیشگوئی ہے، بارش ہونے کی صورت میں بقیہ میچ کل یعنی پیر کو ریزرو ڈے پر ہوگا۔

اگر آج بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے فائنل میں بارش کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو امپائرز کی اولین ترجیح مختصر کھیل کرانا ہوگی، فائنل کا نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم دونوں ٹیموں کو 20 اوورز کھیلنا ضروری ہیں۔

پیر کو بھی کولمبو میں 69 فیصد بارش کا امکان ہے، لہذا اگر ریزرو ڈے کو منسوخ کیا جاتا ہے تو ٹرافی دونوں ٹیموں کے درمیان بانٹ دی جائے گی، یعنی رواں برس ایشیا کپ کی فاتح دو مشترکہ ٹیمیں بھارت اور سری لنکا ہوں گی جو ایشیا کپ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔