11

ٹریفک اہلکار نے شہری کے چالان پر نام کی جگہ نازیبا لفظ لکھ دیا

پشاور: خیبر پختون خوا میں ٹریفک پولیس کے اہلکار نے شہری کا چالان کرتے ہوئے نام کی جگہ نازیبا لفظ لکھ دیا ، شہری نے چالان کی تصویر وائرل کردی جس کے بعد اہلکار کو معطل کردیا گیا۔

 پشاور ٹریفک پولیس کا پہلے سلام پھر کلام کا سلوگن محض ایک ڈرامہ نکلا، پشاور میں اہلکار نے بداخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض نام نہ بتانے پر شہری کے چالان پر نام کی جگہ نازیبا لفظ لکھ دیا۔

متاثرہ شہری نے اپنے بیان میں کہا ہے ون وے کی خلاف ورزی کی تھی جس پر ٹریفک اہلکار نے مجھے روکا تو میں نے بتایا کہ راستے کا علم نہیں تھا، ایجوکیشن محکمے کا نائب قاصد ہوں۔

شہری کے مطابق اہلکار نے ٹریفک قوانین کی خلاف وزری پر چالان کی غرض سے نام پوچھا تو میں نے عرض کی کہ چالان نہ دیں تو اہلکار نے نام کی جگہ نازیبا لفظ لکھ دیا

شہری نے اپیل کی کہ ایس ایس پی ٹریفک سے التماس ہے کہ ٹریفک پولیس کی بدنامی کا سبب بننے والے ایسے اہل کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

بعدازاں سوشل میڈیا پر معاملہ وائرل ہونے پر ایس ایس پی ٹریفک نے نوٹس لے لیا اور غیر اخلاقی الفاظ لکھنے پر ٹریفک پولیس کے اہلکار کو معطل کردیا۔