28

ایشیا کپ: سری لنکا اور بھارت کے درمیان میچ بارش کے باعث روک دیا گیا

ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارت کی سری لنکا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور ٹیم کی چوتھی وکٹ 154 رنز پر گرگئی۔

اوپنر شبمن گل 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ویرات کوہلی3، کپتان روہت شرما 53 رنز اور کے ایل راہول 39 پر پویلین لوٹے۔

چاروں کھلاڑیوں کو نوجوان بولر دونتھ ولالاج نے آؤٹ کیا، اس وقت کریز پر ایشان کشن اور  ہاردک پانڈیا موجود ہیں، بھارتی ٹیم اس وقت 30 اوورز کا کھیل، کھیل چکی ہے اور ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنالیے ہیں۔

بھارت نے ٹاس جیت کر سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ مسلسل تیسرے دن کھیلنا ایک چیلنج ہے۔

اس موقع پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان داسن شناکا کا کہنا تھا کہ ہم بھی اس پِچ پر پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ٹیم کے نوجوان کھلاڑی اب سینئر بن چکے ہیں۔

کولمبو میں کھیلا جارہا یہ میچ انتہائی اہم ہے، پوائنٹس ٹیبل میں اس وقت بھارت پہلے، سری لنکا دوسرے جب کہ پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔


بھارت آج کا میچ جیتنے کے بعد ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا، جب کہ اگر سری لنکا یہ میچ جیتتا ہے تو   اسے فائنل میں رسائی کے لیے صرف پاکستان کو شکست دینا ہو گی کیوں کہ اس کا رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہوگا۔

اگر پاکستان نے سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرا دیا تو فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔