88

شوبز شخصیات بھی بجلی کے بل سے شدید پریشان

  کراچی: ملک میں مہنگائی کے طوفان اور بجلی کے ہوشربا بلوں نے جہاں ایک طرف غریب عوام کا جینا محال کردیا ہے وہیں شوبز شخصیات بھی اس صورتحال سے پریشان ہیں۔

حال ہی میں نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے شوبز سے وابستہ اپنی دوستوں ندا یاسر، سعدیہ امام اور فضا علی سے پوچھا کہ انکا آخری بجلی کا بل کتنا آیا ہے؟۔

سعدیہ امام نے بتایا کہ انکا آخری بل 67 ہزار روپے آیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے گھر پر سولر سسٹم لگوالیا ہے۔

ندا یاسر نے بتایا کہ ہم سارا دن اے سی نہیں چلاتے اور صرف پنکھا استعمال کرتے ہیں اور بچوں کو بھی اے سی چلانے سے منع کرتے ہیں۔ رات میں بھی صرف ایک اے سی چلاکر سب ایک ہی کمرے میں سوتے ہیں۔

اداکارہ فضا علی نے کہا کہ اے سی استعمال نہ کرنے اور بیشتر وقت گھر سے باہر ہونے کے باوجود انکا آخری بجلی کا بل 67 ہزار روپے آیا ہے۔

نادیہ خان کے مطابق انہیں خود 75000 کا بل موصول ہوا حالانکہ وہ تین ہفتے تو گھر پر نہیں تھیں اور کام کے سلسلے میں تھائی لینڈ گئی ہوئی تھیں اور بعد میں اسلام آباد میں اپنے والد سے ملنے چلی گئیں۔

نادیہ خان نے کہا کہ مجھے ایک خوف سا ہے جب ہم تین ہفتے گھر پر نہیں تھے اور بجلی کا بل 75 ہزار آیا ہے اور اس مہینے جب ہم گھر پر ہوں گے تو کتنا بل آئے گا؟۔ اے سی کو اب بہت کنجوسی سے استعمال کرنا ہوگا اور بچوں کو بھی سمجھانا ہوگا کہ وہ بس رات کو سوتے وقت ہی اے سی چلائیں۔