108

ایمان مزاری کو اسلام آباد سے باہر لے جانے پر پابندی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری کیخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات مانگ لیں، آئندہ سماعت تک ملزمہ کو اسلام آباد سے باہر لے جانے پر بھی پابندی لگادی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے ایمان کو کہا تھا اپنی والدہ کی زبان کنٹرول کریں، انہوں نے اپنی زبان پر ہی کنٹرول نہیں رکھا۔

سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری کی ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل فراہمی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔

 

ایمان کی والدہ شیریں مزاری کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ ایمان مزاری کی 2 کیسز میں گرفتاری ہوئی، دونوں میں ضمانت پر رہائی ملی اور اڈیالہ جیل کے باہر سے تیسرے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے 2023ء عدلیہ کیلئے آئین پر عملدرآمد کے لحاظ سے تاریک ترین سال ہے، ہم بڑے مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔

ایمان مزاری اس عدالت میں موجود تھیں، میں نے کہا کہ اپنی ماں کی زبان پر کنٹرول کریں، ایمان مزاری نے یقین دہانی کرائی اور پھر اپنی زبان پر خود کنٹرول نہیں کیا۔

عدالت نے سیکریٹری داخلہ سے ایمان مزاری کیخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ ایمان مزاری کو 20 اگست کے بعد کے کسی مقدمے میں گرفتار کیا جائے نہ ہی گرفتار کرکے اسلام آباد سے باہر لے جایا جائے، مزید سماعت ایک دن کیلئے ملتوی کردی گئی۔