51

ایپل کا آئی فون 15 کی تقریبِ رونمائی کی تاریخ کا اعلان

واشنگٹن: مقبول ترین موبائل فون کمپنی ایپل نے جدید فیچرز پر مبنی اپنے نئے موبائل ’’آئی فون 15‘‘ کی لانچ کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

بلوم برگ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل اپنے نئے موبائل ’’آئی فون-15‘‘ کی لانچنگ 12 ستمبر کو امریکی ریاست کیلی فورنیا میں کرے گا جس کے لیے ای میل کے ذریعے دعوت نامے بھی بھیجے گئے ہیں۔

رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ایپل آئی فون-15 کی پوری سیریز لانچ کرے گا جس میں  آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون پرو میکس شامل ہیں۔


بلوم برگ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایپل واچز کی سیریز 9 اور واچ الٹرا 2 کی رونمائی بھی ہوگی اور اس شاندار ایونٹ کو صارفین ان کی ویب سائٹ پر دیکھ سکیں گے۔

صارفین بے چینی سے آئی فون 15 کے فیچرز سے متعلق جاننا چاہتے ہیں اور ایپل نے صارفین کے تجسس کو برقرار رکھنے کے لیے نئے فیچرز کو تاحال خفیہ رکھا ہوا ہے۔

تاہم سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں سے پتا چلتا ہے کہ نیا فون پہلے ماڈلز کی نسبت پتلا ہو گا اور اسکرین اور فریم کے درمیان کا حصہ ڈیوائس کے کونے کی جانب ہلکے سے مڑے ہوا ہو گا۔

علاوہ ازیں آئی فون-15 کے پرو سیٹس میں 6 گنا آپٹیکل زوم کرنے کی صلاحیت رکھنے والا نیا پیری اسکوپ کیمرہ بھی ہوگا جب کہ اس موبائل کی بیٹری دوسرے سیٹس کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہوگی۔

آئی فون 15 کی پوری سیریز ’’سی پورٹ چارجر‘‘ والی ہوگی تاہم آئی فون 15 پرو اور پرو میکس میں تھنڈر بولٹ پورٹ بھی ہے۔