55

واٹس ایپ میں پرائیویسی کیلئےنئے فیچر کا اضافہ

واٹس ایپ میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جو صارفین کی پرائیویسی کو زیادہ محفوظ بنائے گا۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ میں پہلے ہی میسجز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہے۔

اب میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں کالز کی سکیورٹی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں یہ نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ کالز میں موجود آئی پی ایڈریس تک دیگر افراد کی رسائی ختم کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو ان ایبل کرنے پر دیگر افراد کے لیے آپ کی لوکیشن کے بارے میں جاننا بہت مشکل ہو جائے گا۔

اگرچہ اس فیچر کو استعمال کرنے سے کالز کو زیادہ تحفظ مل سکے گا مگر کال کوالٹی کسی حد تک متاثر ہوگی۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں واٹس ایپ کا بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین سیٹنگز میں پرائیویسی اور وہاں کالز کے آپشن میں جاکر دیکھ سکتے ہیں (یہ واضح رہے کہ ابھی تمام بیٹا صارفین کو یہ فیچر دستیاب نہیں)۔

رپورٹ میں آڈیو یا ویڈیو کالز کا ذکر نہیں کیا گیا تو ممکنہ طور پر اس فیچر سے دونوں طرح کی کالز کو تحفظ ملے گا۔

جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ ابھی یہ فیچر بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک تمام صارفین اسے استعمال کر سکیں گے۔