پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد موبائل پر کسی کوڈ یا پاس ورڈ کی ضرورت نہیں پیش آنی چاہیے۔
اشنا شاہ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئی تھیں جس دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا بیویوں کو شوہر حضرات کے موبائل فون چیک کرنے چاہئیں؟
میزبان کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ کیوں نہیں، اگرچہ بیویوں کو شوہروں کا موبائل چیک کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑنی چاہیے لیکن اگر اس کے باوجود بیوی موبائل پکڑ بھی لے تو شوہروں کو کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو، اکثر مرد حضرات اپنا موبائل الٹا رکھتے ہیں۔
اشنا شاہ نے اپنے شوہر کی بات کرتے ہوئے کہا اللہ کا شکر ہے کہ میرے ساتھ یہ مسئلہ نہیں ہے، میرے شوہر بہت اچھے ہیں انہوں نے شادی کے بعد میرے کہے بغیر اپنے موبائل پر میری فیس آئی ڈی لگادی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ شادی کے بعد کسی فون کوڈز کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، اگر آپ نے شادی کے بعد راز رکھنے ہیں تو شادی نہ کریں، اپنی فطرت اور حرکتیں اتنی صاف رکھیں کہ تاکہ بیوی کو فون چیک کرنا ہی نہ پڑے۔