73

گوگل کروم کا آئی فون صارفین کے لیے بڑی تبدیلی

کیلیفورنیا: گوگل کروم آئی فون میں ایڈریس بار کی جگہ تبدیل کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔

ٹیک تجزیہ کاروں نے گوگل کروم میں یو آر ایل ایڈریس بار (جس کو ’اومنی بکس‘ کہا جاتا ہے) کے اسکرین پر نیچے کی جانب منتقل کرنے کی نشان دہی کی ہے، بالکل ویسے ہی جیسے ایپل کے بِلٹ-اِن براؤزر میں ہوتا ہے۔

یہ تبدیلی اختیاری ہے اور صارفین کو نئے ایڈریس بار سیٹنگ کے تحت یہ اختیار ہوگا کہ وہ اومنی بکس کو اسکرین پر اوپر رکھیں یا نیچے۔

کروم آئی او ایس میں 2018 سے ٹول بار کو اسکرین میں نیچے کی جانب سپورٹ کر رہا ہے، بالکل یہی فیچر اینڈرائیڈ میں بھی آزمایا گیا لیکن مکمل طور پر متعارف نہیں کرایا گیا۔

اس فیچر کے لیے صارفین کو دو چیزوں کی ضرورت ہوگی۔ ایک تو آئی او ایس پر گوگل کروم کے لیے ٹیسٹ فلائٹ اپ ڈیٹس پر انرول ہونا پڑے گا جس سے آئی فون اور آئی پیڈ پر براؤزر کے بِیٹا ورژن حاصل ہو جائے گا۔

اس کے علاوہ صارف کو ایڈریس بار میں “chrome://flags” لکھ کر نیچے کی جانب اومنی بکس تلاش کرنا ہوگا، جس کو آن کرنے کے بعد براؤزر کو ری لانچ کرنا ہوگا۔ اس کے بعد صارف آئی او ایس سیٹنگز میں جا کر کروم کی سیٹنگ میں ایڈریس بار لوکیشن کو سوئچ کر سکتے ہیں۔

بِیٹا ورژن میں آزمائشی مراحل سے گزرنے والا یہ فیچر صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا اس کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب براؤزر کی جانب سے یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں متعارف کرانے کے کوئی آثار نہیں ہیں۔