65

عالیہ بھٹ کی ہولی وڈ ڈیبیو فلم ریلیز

معروف بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی ہولی وڈ ڈیبیو فلم ’ہارٹ آف اسٹون‘ کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کردیا گیا۔

عالیہ بھٹ نے دیگر بھارتی ہیروئنز کے برعکس سائنس فکشن فلم میں ہولی وڈ ڈیبیو کیا ہے۔

’ہارٹ آف اسٹون‘ کی کہانی کمپیوٹر اور سائبر کرائمز کے گرد گھومتی ہے، فلم میں کچھ ایسی طاقتوں کو دکھایا گیا ہے جو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا استعمال کرکے دنیا کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔

فلم میں عالیہ بھٹ نے کیا دھون نامی ایک خاتون کا کردار ادا کیا ہے جو کہ اے آئی ٹولز کا استعمال کرکے دنیا کو ختم کرنے والے گروہ کا حصہ ہوتی ہیں۔

عالیہ بھٹ نے فلم میں منفی کردار ادا کیا ہے اور وہ فلم میں یہودی اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ گال گدوت سمیت دیگر کرداروں سے بھی الجھتی دکھائی دیتی ہیں۔

’ہارٹ آف اسٹون‘ کو نیٹ فلیکس پر 11 اگست کو ریلیز کیا گیا اور فلم میں بھارتی شائقین عالیہ بھٹ کے کردار اور اداکاری کو بھی سراہا۔

فلم سے متعلق شائع ہونے والے تبصروں کے مطابق ’ہارٹ آف اسٹون‘ کی کہانی کا اختتام اس طرح کیا گیا ہے کہ اس سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کا سیکوئل بھی آئے گا اور پہلی فلم کے تمام کرداروں کی واپسی بھی ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عالیہ بھٹ نے ہولی وڈ میں اپنے شوہر رنبیر کپور سے پہلے قدم رکھا ہے، تاہم ان سے قبل متعدد بھارتی اداکار و اداکارائیں ہولی وڈ میں کام کر چکی ہیں۔

ہولی وڈ میں کام کرنے والی بولی وڈ اداکاراؤں میں پریانکا چوپڑا سرفہرست ہیں جو 2018 میں شادی کے بعد امریکا منتقل ہوگئی تھیں اور اب وہ تواتر سے ہولی وڈ فلموں میں دکھائی دیتی ہیں۔

ان کے علاوہ دپیکا پڈوکون، ایشوریا رائے، تبو، فریدہ پنٹو، ملائیکا شراوت، شبانہ اعظمی، شریا سرن اور ٹینا ڈیسائی سمیت دیگر اداکارائیں بھی ہولی وڈ میں کام کر چکی ہیں۔