70

مودی کی فرمائش بھارتی کرکٹ بورڈ کو مہنگی پڑی

وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے ایک فرمائش کی جو ان کو بعد میں مہنگی پڑگئی۔

بورڈ آف کنٹرول فارکرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے مودی کی فرمائش مان لی لیکن اس کے نتیجے میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) سے گولڈن ٹک گنوا دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے اپنے تصدیق شدہ ایکس اکاؤنٹ پر 77 ویں یوم آزادی سے قبل ڈی پی میں بھارتی ’قومی پرچم‘ کی تصویر لگائی، جس کے بعد اکاؤنٹ سے گولڈن ٹک ہٹ گیا۔

اصل کہانی یہ ہے کہ 13 اگست کو مودی نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے بھارتی شہریوں سے درخواست کی کہ سب اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ڈسپلے پکچر پر بھارتی جھنڈے کی تصوی لگالیں۔

وزیراعظم نریندر مودی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہر گھر ترنگا تحریک کے جذبے کے تحت آئیے ہم اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ڈی پی کو تبدیل کریں، یہ انوکھی کوشش ہمارے پیارے ملک اور ہمارے درمیان تعلق کو مزید گہرا کرے گی‘۔

اس ٹوئٹ کے بعد ہی مودی کی فرمائش پر حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کئی رہنماؤں سمیت بی سی سی آئی نے بھی ڈی پی تبدیل کی، تو ان سب کا گولڈن ٹک یا بلیو ٹک غائب ہوگیا۔

مودی کا گرے ٹک نہیں ہٹا

وزیراعظم مودی نے بھی مہم کا حصہ بنتے ہوئے اپنی ڈسپلے تصویر کو بھارتی پرچم میں تبدیل کیا لیکن ان کی ”گرے ٹک“ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے نہیں ہٹایا۔

 

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس کے مالک ایلون مسک نے 2022 میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد اس کی پالیسی میں کئی تبدیلیاں کرتے ہوئے مفت بلیو سروس کو کرپٹ قرار دیا کیونکہ کئی لوگوں نے جعلسازی کرکے بلیو ٹک حاصل کرلیا تھا۔

ایکس کی نئی پالیسی کے مطابق تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو ان کے اصلی نام استعمال کرنے اور تصاویر ڈسپلے کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ بی سی سی آئی کا اکاؤنٹ ”BCCI“ کے نام سے تصدیق شدہ تھا لیکن ڈی پی تبدیل کرنے سے اس اکاؤنٹ کی شناخت مشکوک ہوجانے کی وجہ سے اس کو گولڈن ٹک سے محروم کردیا گیا۔