دنیا کے سب سے بڑے ویڈیو سرچ انجن یوٹیوب نے اپنے پاکستانی صارفین کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے دو نئی سروسز متعارف کرائی ہیں، جس کے سبب آپ اشتہارات کے بغیر ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق معروف ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب نے پاکستان میں اپنی پیڈ ’یوٹیوب پریمیئم سروس‘ اور ’یوٹیوب میوزک‘ پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے۔
گزشتہ روز یوٹیوب کی جانب سے جاری ایک بیان میں مذکورہ دونوں سروسز کا پاکستان میں باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا گیا ہے تاہم یوٹیوب کی ان سروسز سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستانی صارفین کو رقم کی ادائیگی کرنا ہوگی۔
اس حوالے سے پاکستان کے لیے گوگل کے ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے بتایا ہے کہ یوٹیوب پریمیئم اور یوٹیوب میوزک سے پاکستانی صارفین کو ایک نیا تجربہ حاصل ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں 400 سے زیادہ چینلز کے 10 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبر موجود ہیں جو ان سہولیات کو استعمال کرسکتے ہیں۔
یو ٹیوب پریمیئم کیا ہے؟
یوٹیوب پریمیئم کے ذریعے صارفین بغیر اشتہارات کے ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یوٹیوب پریمیئم کے ذریعے بیک گراؤنڈ پلے کا آپشن بھی ملتا ہے یعنی آپ ملٹی ٹاسکنگ کے دوران بھی یوٹیوب ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں یا موبائل اسکرین لاک ہونے کی صورت میں بھی اس کا استعمال کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ یوٹیوب پریمیئم میں صارفین اپنے پسندیدہ شوز اور کانٹینٹ کری ایٹرز کے مواد کو بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
یوٹیوب پریمیئم کے صارفین یوٹیوب میوزک پریمیئم سے بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں اور اپنے پسندیدہ میوزک کو بغیر اشتہارات کے سن سکتے ہیں، اسے بیک گراؤنڈ میں پلے کرسکتے ہیں اور یوٹیوب میوزک سے اسے ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔
یو ٹیوب میوزک کیا ہے؟
یوٹیوب میوزک ایسا پلیٹ فارم ہے جو خاص طور پر صرف میوزک کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اس پر آفیشل سانگز، البمز، پلے لسٹس اور آرٹسٹ ریڈیو، لائیو پرفارمنسز وغیرہ دستیاب ہیں۔
صارفین اس یوٹیوب میوزک پر نئے گانوں کو تلاش کرکے انہیں سن سکتے ہیں اور میوزک کی دنیا سے جڑے رہ سکتے ہیں۔
یوٹیوب میوزک اگرچہ بغیر کسی قیمت کے بھی دستیاب ہے لیکن اس کے لیے صارفین کو اشتہارات لازمی دیکھنا پڑتے ہیں۔
اگر آپ بغیر اشتہارات کے اپنا پسندیدہ یوٹیوب میوزک سننا چاہتے ہیں تو اس کیلئے آپ کو یوٹیوب میوزک پریمیئم کی سروس لینا ہوگی۔
یوٹیوب پریمیئم کے لیے کتنی ادائیگی کرنا ہوگی؟
یوٹیوب کی جانب سے ابتدائی طور پر ایک ماہ کے لیے یوٹیوب پریمیئم اور یوٹیوب میوزک پریمیئم کی سروس مفت دستیاب ہوگی جس کے بعد یوٹیوب پریمیئم کے لیے صارفین کو 479 روپے ماہانہ ادا کرنے ہوں گے۔
اس سبسکرپشن میں یوٹیوب میوزک پریمیئم کی ممبرشپ بھی شامل ہوگی۔ یعنی صارفین ویڈیوز اور آڈیوز کا تجربہ بغیر اشتہارات کرسکیں گے جب کہ بیک گراؤںڈ پلے اور ڈاؤن لوڈز سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یوٹیوب پریمیئم کا فیملی پلان حاصل کرنے کے لیے 899 روپے کی ادائیگی کرنا ہوگی، یہ ممبرشپ گھر کے پانچ لوگوں کے ساتھ شیئر کی جاسکے گی۔
یوٹیوب میوزک پریمیئم کے لیے 299 روپے کی ادائیگی کرنا ہوگی جب کہ اسی کا فیملی پلان 479 روپے میں دستیاب ہے۔
علاوہ ازیں یوٹیوب نے طلبہ کے لیے پریمیئم اور میوزک کا ایک الگ پیکج متعارف کرایا ہے جس میں اہل طلبہ کو یوٹیوب پریمیئم کے لیے 329 روپے جب کہ میوزک پریمیئم کے لیے 149 روپے ادا کرنے ہوں گے۔