پاکستانی اداکارہ ہاجرہ یامین کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو محبت میں بے عزتی کسی صورت برداشت نہیں کرنی چاہیے۔
حال ہی میں اداکارہ نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئی تھیں جس دوران میزبان نے ان سے ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے علاوہ دلچسپ موضوعات پر بھی سوالات کیے۔
لڑکیوں کو دیے جانے والے 3 مشوروں کے سوال پر ہاجرہ یامین نے کہا کہ میں نے بہت زیادہ دیکھا ہے کہ لڑکیاں محبت میں بے عزتی برداشت کرلیتی ہیں، اگر کوئی مرد آپ کو پہلی مرتبہ بے عزت کرے تو اسے اسی وقت چھوڑدیں، نہ کسی کو اپنی بے عزتی کرنے دیں نہ ہی خود کسی کو بے عزت کریں۔
ہاجرہ یامین نے دیے گئے دوسرے مشورے میں کہا کہ لڑکیوں کو اپنی ذات کو ترجیح دینی چاہیے، شادی کے بعد ساری لڑکیاں ریلیکس ہوجاتی ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ذمہ داریوں کی وجہ سے اکثر لڑکیاں خود کو بھول جاتی ہیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے، دن کا ایک گھنٹہ خود کو ضرور دیں جس دوران آپ خود کو ریلیکس کرسکیں۔
اداکارہ نے تیسرے مشورے میں کہا کہ اونچے خواب نہ دیکھیں اور نہ ہی اپنے متعلق بہت زیادہ سوچیں۔
دوسری جانب اپنے پرس میں رکھنے والی 3 لازمی چیزوں کے سوال پر ہاجرہ یامین کا کہنا تھامیں ہمیشہ پرس میں کوئی بھی آلہ ( حفاظت کیلئے ) ضرور رکھتی ہوں، مثال کے طور پر ٹیزر گن جو کہ ہر لڑکی کو رکھنا چاہیے تاکہ کسی بھی ہراسگی کی دوران وہ خود کو محفوظ رکھ سکیں لیکن خوش قسمتی ہے کہ مجھے ابھی تک اس گن کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑی، اس کے علاوہ میں پرس میں پرفیوم اور لپ بام کااستعمال کرتی ہوں۔