39

ٹوئٹر نے تمام اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹادیئے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نئے ایلون مسک کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو جاری کیے گئے بلیو ٹِک ہٹانا شروع کردیے ہیں۔

ٹوئٹر نے یہ بلیو ٹک صحافیوں، سرکاری عہدیداروں، تنظیموں، مختلف اداروں اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دیگر نامور شخصیات کے اکاؤنٹس کی تصدیق کے بعد مفت جاری کئے تھے۔

ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے بعد سے صارفین کے بلیو ٹک ہٹانا بہت بڑی تبدیلی ہے۔

ٹوئٹر کی نئی پالیسی کے مطابق معروف امریکی گلوکارہ بیونسے، فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سمیت بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے نامور اداکاروں کے اکاؤنٹس سے بھی بلیو ٹک ہٹا دیا گیا ہے۔

نئی پالیسی کے شکار ہونے والی اہم بھارتی شخصیات میں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا اور کرکٹر وراٹ کوہلی کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔

مائیکرو سافٹ کے بانی اور ارب پتی شخصیات کی فہرست میں شامل بل گیٹس کے اکاؤنٹ سے بھی ٹوئٹر نے بلیو ٹک ہٹا دیا ہے۔

واضح رہے کہ چند ایسی بھی شخصیات ہیں جن کی ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ایلون مسک خود ادا کر رہے ہیں، ان میں امریکی مصنف اسٹیفن کنگ، امریکی باسکٹ بال کھلاڑی لیبران جیمز اور کینیڈین اداکار ولیم شینٹر شامل ہیں۔

ٹوئٹر کے اس اقدام کے باعث بلیو ٹک ہٹ جانے سے کسی بھی اکاؤنٹ کے اصلی ہونے کا اندازہ لگانا مشکل ہوگیا ہے۔

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے 11 اپریل کو ٹویٹ کیا تھا کہ 20 اپریل کو تمام اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کی سہولت واپس لے لی جائے گی۔

ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ بلیو ٹک حاصل کرنے کیلئے سبسکرپشن لینا پڑے گی جس کیلئے ماہانہ یا سالانہ فیس ادا کرنا ہوگی۔ بلیو ٹِک مارک انہی اکاؤنٹس کو جاری کیا جائے گا جنہوں نے ٹوئٹر بلیو کے تحت سبسکرپشن پلان حاصل کیا ہو۔

ٹوئٹر نے ہر ملک کے صارفین کیلئے سبسکرپشن پلان کی فیس مختلف رکھی ہے، امریکا میں رہنے والے صارفین کو آئی او ایس یا اینڈرائیڈ موبائل فونز پر ماہانہ 11 ڈالر یا سالانہ 114.99 ڈالر ادا کرنا ہوںگے جبکہ ویب پر استعمال کیلئے 8 ڈالر ماہانہ اور 84 ڈالر سالانہ فیس ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی صارفین کو سالانہ پلان کیلئے 23 ہزار 700 روپے اور ماہانہ پلان کیلئے 2 ہزار 250 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

ٹوئٹر نے کاروباری اداروں اور تنظیموں کیلئے علیحدہ پروگرام لانچ کیا ہے جس کے تحت انہیں تصدیقی بیج حاصل کرنے کیلئے ماہانہ ایک ہزار ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ مختلف برانڈز، کمپنیوں اور غیر منافع بخش تنظیموں کو گولڈن بیج جبکہ حکومتی اداروں کو گرے بیج جاری کیا جائے گا۔

ٹوئٹر نے سال 2009ء میں پہلی مرتبہ تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو مفت بلیو ٹِک جاری کرنے کا عمل شروع کیا تھا۔