27

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی میں چلڈرن اسپتال کا افتتاح کردیا

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی نمبر 5 میں چلڈرن اسپتال کا افتتاح کردیا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نےاسپتال کے مختلف وارڈز،لیبارٹری اور او پی ڈی کا دورہ کیا، اسپتال انتظامیہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو  اسپتال سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

اس موقع پروزیر اعلیٰ سندھ نے کورنگی کےلوگوں کو چلڈرن اسپتال کےقیام پرمبارک باد دی اور کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے یہ اسپتال ضلع کورنگی کےعوام کیلئے تحفہ ہے، سندھ حکومت نےکورنگی کیلئے بہترین روڈ انفرااسٹرکچر اورٹرانسپورٹ کی سہولت دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہا کہ اسپتال میں او پی ڈی، ریڈیالوجی، نوزائیدہ نگہداشت یونٹ کی سہولت  کے ساتھ اطفال نگہداشت یونٹ،جنرل پیڈیاٹرکس،شعبہ بحالی ، فارمیسی، اور لیب کی بھی سہولت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پریزنٹیشن سے پتا چلا کہ نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کیلئے مزید کوششیں کرناہوں گی، بتایا گیا ہےکہ پاکستان میں ہرایک ہزار پیدائشی بچوں میں 45.6 نوزائیدہ اموات ہوتی ہیں، مناسب سہولتوں سےنوزائیدہ اموات میں سے 80 فیصد کو روکا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ نوزائیدہ اموات کی شرح کو کم کرنے کےلیے سسٹم تجویز کیا گیا ہے۔