39

پشاوریونیورسٹی میں اساتذہ تنظیم کا 43 دنوں سے جاری ہڑتال ختم کرنےکا اعلان

پشاوریونیورسٹی میں اساتذہ تنظیم نے 43 دنوں سے جاری ہڑتال ختم کرنےکا اعلان کردیا۔

صدر  پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر عزیر کے مطابق گورنرخیبرپختونخوا سے ملاقات میں اپنے مطالبات پیش کیے، ملاقات میں کمشنر، محکمہ اعلیٰ تعلیم اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

 ڈاکٹر عزیر کے مطابق گورنر، چیف سیکریٹری اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام نے مطالبات پورے ہونےکی یقین دہانی کرائی ہے جس پر ہڑتال ختم کرنےکا اعلان کرتے ہیں۔

صدر پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ  یونیورسٹی انتظامیہ اساتذہ کے مطالبات کےحوالے سے سنڈیکیٹ کا اجلاس طلب کرےگی، یونیورسٹی کے سکیورٹی سپروائزر قتل کیس کی جوڈیشل انکوائری کی جائے گی، یونیورسٹی کے مسائل سنڈیکیٹ اور سینیٹ اجلاس میں حل ہوں گے،گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ وائس چانسلر کےخلاف انکوائری کی جائےگی، انکوائری کے بعد وائس چانسلر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اساتذہ کی ہڑتال کے باعث پشاور  یورنیورسٹی میں ایک ماہ سے زیادہ عرصےکے لیے تعلیمی سرگرمیاں اور انتظامی امور معطل رہے، یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں عیدکے بعد بحال ہوں گی،  یونیورسٹی میں 25 اپریل تک عیدکی چھٹیاں ہوں گی۔

خیال رہے کہ پشاور یونیورسٹی میں اساتذہ تنظیم اور دیگر ملازمین کی جانب سے سکیورٹی سپروائزر کے قتل کے بعد سے قلم چھوڑ ہڑتال جاری تھی۔