18

سیاسی صورتحال پر مشاورت، وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب کرلیا

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کیلئے اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کے معاملے پر سپریم کورٹ اور وفاقی حکومت کے مابین افہام و تفہیم نہ ہوسکی۔ قومی اسمبلی نے انتخابات کیلئے اربوں کا فنڈ دینے سے انکار کردیا تھا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ کی حکمتِ عملی پر مشاورت ہوگی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس آج 3 بجے طلب کیا ہے جس کے دوران انتخابات کے انعقاد سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرکے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی حادثے میں وفات پر تعزیت کی۔

شہبازشریف نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ جا کر ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مزہبی امور مفتی عبدالشکور کی وفات پر تعزیت اور مرحوم کی بلندی درجات اور سوگواران کے لئے صبر جمبل کی دعا کی۔