21

وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کی سمری منظور کرلی

وفاقی کابینہ نے پنجاب میں الیکشن کیلئے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ پارلیمنٹ کے سپرد کردیا، پارلیمنٹ میں منی بل پیش کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے فنڈز فراہمی کے معاملے پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ پارلیمنٹ کے سپرد کردیا، اس حوالے سے پارلیمنٹ میں منی بل پیش کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کو وزارت خزانہ، وزارت قانون اور اسٹیٹ بینک حکام نے بریفنگ دی، وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیر مملکت خزانہ نے بتایا کہ قائمہ کمیٹی نے معاملہ کابینہ اور قومی اسمبلی کے سپرد کیا ہے، قائمہ کمیٹی نے قرار دیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو براہ راست اخراجات کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات سے متعلق کیس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو حکم دیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 21 ارب روپے جاری کئے جائیں۔