40

تربت میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ معلومات کی بنیاد پر تربت کے علاقے گشکور میں آپریشن کیا۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے آپریشن تربت خوشاب روڈ پر آئی ای ڈی لگانے والے دہشت گردوں کے خلاف کیا۔ مذکورہ دہشت گرد دیسی ساختہ بم نصب کرنے کے علاوہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات سے منسلک تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی مسلسل انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوس کے نتیجے میں دہشتگردوں کے مقام کی نشاندہی کی گئی اور اس دوران فوجی جوان ہیلی کاپٹر کے ذریعے مقام پر اُترے اس دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے، مرنے والے دہشت گردوں کے قبضے سے دیسی ساختہ بم، اسلحہ، گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔