21

سپریم کورٹ کا پنجاب الیکشن کیلئے فنڈز نہ دینے پر حکومت و اسٹیٹ بینک کو نوٹس

سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کیلٸے فنڈز کی عدم فراہمی پر اٹارنی جنرل، گورنراسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیئے۔

سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو اپنے فیصلے میں پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا، اور وفاقی حکومت کو حکم دیا کہ وفاقی حکومت کو 10 اپریل تک21 ارب روپے جاری کرے اور الیکشن کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 11 اپریل کو فنڈز ملنے یا نہ ملنے کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی، اور گزشتہ روز پنجاب اسمبلی الیکشن کے انتظامات کے لئے درکار 21 ارب روپے فنڈز سے متعلق الیکشن کمیشن حکام نے رجسٹرار سپریم کورٹ کے دفتر میں سربمہر رپورٹ جمع کرائی تھی۔

عدالتی حکم کے باوجود پنجاب میں انتخابات کیلٸے تاحال فنڈز کی عدم فراہمی پر سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، گورنراسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ،اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے فنڈز فراہم نہیں کٸے، فنڈز کی عدم فراہمی عدالتی احکامات کی حکم عدولی ہے، اور عدالتی حکم عدولی کے نتاٸج قانون میں واضح اور سب کو معلوم ہے۔

نوٹس میں تمام فریقین کو کہا گیا ہے کہ جمعہ کی صبح گیارہ بجے چیف جسٹس کے چیمبر میں پیش ہوں۔