29

خیبر میں بارودی سرنگ دھماکہ، ایف سی کا 1اہلکار شہید، 3زخمی

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں ایف سی کی گاڑی پر بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیئر کور کا   1 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ فورٹ سلوپ سے علی مسجد فورٹ کی جانب جارہا تھا کہ ملک دشمن عناصر کی کارروائی کے نتیجے میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا۔

بارودی سرنگ دھماکہ ملک دین خیل کے علاقے میں ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ایک جے او سی موقعے پر شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کارروائی شروع کردی گئی۔ زخمی ہونے والے تینوں اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 4 بچوں اور 2 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

گزشتہ روز یہ افسوسناک واقعہ کوئٹہ کے علاقے سرکی کلاں میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے6 افراد کے علاوہ گیس دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔