56

اشنا شاہ نے فیروز خان کو معاف کردیا

اداکارہ اشنا شاہ اور اداکار فیروز خان نے ڈرامہ سیریل حبس میں ساتھ کام کیا تھا، دونوں اُس وقت بہت اچھے دوست تھے لیکن اُن کی دوستی اُس وقت ختم ہوگئی جب علیزے سلطان کی جانب سے فیروز خان پر گھریلو تشدد کا الزام لگایا گیا۔

علیزے سلطان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد فیروز خان مشکل میں پھنس گئے تھے، کئی شوبز شخصیات اُن کے خلاف ہوگئیں تھی جن میں اشنا شاہ بھی شامل تھیں۔

واضح رہے کہ جب فیروز خان پر الزامات لگائے گئے اس وقت اشنا شاہ نے کچھ نہیں بولا تھا لیکن سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد انہوں نے بھی اداکار کے اس فعل کی سخت مذمت کی تھی۔

تاہم حال ہی میں اشنا شاہ نے فیروز خان کے ہمراہ اپنی ایک تصویر شیئر کی جس کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ دونوں اداکاروں کے درمیان تمام غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں ۔

گزشتہ دنوں اداکارہ اشنا شاہ کی جانب سے 3 اسٹوریز پوسٹ کی گئیں جس میں انہوں نے فیروز خان کو ماہ رمضان کے صدقے معاف کرنے کا اعلان کیا۔

اشنا نے اپنی اسٹوری میں فیروز اور اپنے جم انسٹرکٹر کے ہمراہ تصویر اور ایک حدیث نبویﷺ کا ترجمہ بھی شیئر کیا کہ رمضان المبارک ایسا مہینہ ہے جس کا اول رحمت ہے، درمیان بخشش اور اس کے آخر میں جہنم سے نجات ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے۔

اداکارہ نے ایک اور اسٹوری میں مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کے کیس کو فیروز خان کے معاملے سے جوڑتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی کسی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گی جس میں کسی کو اس قدر ہراساں کیا جائے کہ وہ خود کو ہی نقصان پہنچا دے۔