111

فیروز نے ساتھی اداکاروں کے موبائل نمبرز اور ذاتی معلومات شیئر کرنے پر معافی مانگ لی

اداکار فیروز خان نے ساتھی اداکاروں کی ذاتی معلومات اور موبائل نمبرز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر معذرت کرلی۔

فیروز کی اہلیہ علیزہ سلطان کی جانب سے ان پر لگائے گئے تشدد کے الزامات کے بعد شوبز انڈسٹری کے کئی اداکاروں اور دیگر شخصیات نے فیروز خان کو تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم بغیر کسی ثبوت کے خود پر تنقید کے جواب میں فیروز خان نے  شوبز شخصیات کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا۔

ان اداکاروں میں ایمن خان، منال خان، یاسر حسین،ثروت گیلانی، میرا سیٹھی، فرحان سعید، گلوکار عاصم اظہر، مصدق ملک، عثمان خالد بٹ اور ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے سمیت ان کی اہلیہ علیزہ بھی شامل تھیں۔

تاہم فیروز خان کی جانب سے ان شخصیات کو بھجوائے گئے نوٹسز غلطی سے انسٹاگرام پر شیئر کردیے گئے، جس میں ذاتی معلومات (گھر کا پتہ اور موبائل نمبرز) درج تھیں،شیئر کرنے کے فوری بعد اداکار نے پوسٹ ڈیلیٹ کردی لیکن وہ وائرل ہوگئی۔

اس واقعے کے بعد شوبز شخصیات نے شدید ردعمل دیا اور اداکار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا۔

 اب فیروز خان نے کچھ ماہ بعد ان سب سے معافی مانگی ہے اور انسٹاگرام پر پوسٹ بھی شیئر کی ہے۔

انہوں نے لکھا  17 جنوری 2023 کو میری ٹیم کی جانب سے قانونی نوٹس ڈرافٹ کیا گیا تھا جو میں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا، تاہم مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس میں شوبز شخصیات کی ذاتی تفصیلات یعنی ان کے فون نمبر بھی شامل ہیں۔

فیروز نے لکھا کہ جب مجھے معلوم ہوا تو میں نے پوسٹ فوراً ڈیلیٹ کردی تاہم یہ میرے علم میں آیا ہے کہ مذکورہ نوٹس کے نتیجے میں میرے ساتھی اداکاروں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت اداکار مجھے پرائیویسی کی اہمیت کا اندازہ ہے، میرا مقصد کسی کا سکون برباد کرنا نہیں تھا، اگر میرے کسی ساتھی کو تکلیف سے گزرنا پڑا ہو تو میں انتہائی معافی مانگتا ہوں۔

فیروز خان نے منیب بٹ کے ہمراہ ایک علیحدہ تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا میرے اور منیب بٹ کی فیملی کے درمیان جو بھی معاملہ ہوا اس کو اپنے بڑوں کی رہنمائی سے ہم نے یہیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ایک فیملی کی طرح باہمی احترام و محبت کا تعلق قائم رکھیں گے، انشاءاللہ۔

واضح رہے کہ اداکار منیب بٹ نے ایمن اور منال کی ذاتی معلومات شیئر کرنے پر فیروز خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں سائبر کرائم قوانین کے تحت درخواست بھی دائر کی تھی۔

دوسری جانب منیب بٹ نے بھی یہ ہی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی اور فیروز پر لگائے گئے تمام الزامات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔