72

وزیراعظم کے صدر کو جوابی خط پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کا ردعمل

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو آئین پر مشورہ پی ٹی آئی کی پریس ریلیز ہی نظر آئے گی۔

شہبازشریف نے صدرعارف علوی کو جوابی خط میں کہا ہے کہ آپ کا خط تحریک انصاف کی پریس ریلیزلگا، خط صدر کے آئینی منصب کا آئینہ دار نہیں۔ 3 اپریل 2022 کو قومی اسمبلی کی تحلیل کرکےغیرآئینی عمل کیا۔

وزیراعظم کے جوابی خط پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی نے کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کیا، بلکہ انہوں نے وزیراعظم کو آئینی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا تھا۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی نے وزیراعظم کو اپنے خط میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی، اور پی ٹی آئی کارکنان پر کئے گئے تشدد کے بارے میں بتایا۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے اپنے خط میں وزیراعظم شہبازشریف کو آئین پر عمل کرنے کا مشورہ دیا لیکن ظاہر ہے یہ بات انہیں تحریک انصاف کی پریس ریلیز ہی نظر آئے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر صدر کے اسمبلی توڑنے اور نئے الیکشن میں جانے کے اقدام پر عمل ہوتا تو ملک آج اس آئینی، سیاسی اور معاشی گرداب میں نہ ہوتا اور ہم مستحکم جمہوریت ہوتے۔