56

الیکشن کرائیں، توہینِ عدالت سے بچیں، صدرِ مملکت کا وزیر اعظم کو خط

اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام خط لکھ دیا جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ الیکشن کرائیں اور توہینِ عدالت سے بچیں۔

تفصیلات کے مطابق حکمراں سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے مابین الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے سیاسی رسہ کشی جاری ہے۔ صدرِ مملکت نے اپنے خط میں وزیر اعظم کو ہدایت کی ہے کہ توہینِ عدالت سے بچنے کیلئے الیکشن کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔

الیکشن کے انعقاد کیلئے تحریر کیے گئے خط میں صدرِ مملکت نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ انتظامی حکام کو انسانی حقوق کی پامالی سے باز رہنے کی ہدایت کریں۔ ماضی قریب میں میڈیا نے بنیادی و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی واقعات کو اجاگر کیا ہے۔

خط میں وزیر اعظم کو ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے واقعات کے تدارک اور اصلاح کیلئے وزیر اعظم کے نوٹس میں لانا ضروری تھا۔ آئین کے تحت اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن میں انتخابات کرانا ضروری عمل ہے۔ سپریم کورٹ نے 90 دن میں انتخابات کی تاریخ تجویز کرنے کا حکم دیا۔

صدرِ ملکت نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا کو عام انتخابات کیلئے تاریخ مقرر کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ لگتا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے ضروری تعاون فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کرنے کا کہا گیا۔ آئین کے تحت وفاقی اور صوبائی حکام کا فرض ہے کہ الیکشن کمیشن کی مدد کریں۔