68

نادرا کی جانب سے جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ متعارف

نادرا نے صارفین کی سہولت کیلئے جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ متعارف کرادی، جس کے ذریعے وہ شناختی دستاویزات بنانے کے مراحل موبائل فون سے مکمل کرسکیں گے، ایپلی کیشن میں دیگر کئی سہولیات بھی شامل ہیں۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا کہنا ہے کہ جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے صارفین کیلئے شناختی دستاویزات بنوانے کے مراحل بذریعہ موبائل فون مکمل ہوسکیں گے، صارفین شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر منگوا سکتے ہیں، موبائل ایپ تمام پاکستانی شہریوں کیلئے سہولت کا باعث بنے گی۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ نئی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اور بایومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے، جن کی بدولت آپ شناختی دستاویزات بنوانے کی کارروائی میں پیش آنے والے تمام مراحل اپنے موبائل فون کے ذریعے ہی مکمل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صارفین ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرسکتے ہیں، تصویر اور فنگر پرنٹس بناسکتے ہیں اور ڈیجیٹل دستخط بھی آن لائن درخواست میں شامل کرسکتے ہیں۔

طارق ملک کا کہنا ہے کہ یہ جدت آمیز اقدام خدمات میں بہتری کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا، یہ موبائل ایپ تمام پاکستانی شہریوں کیلئے بے پناہ سہولت کا باعث بنے گی۔

چیئرمین نادرا نے بتایا کہ اس ایپ کی تیاری میں ”کنٹیکٹ لیس ٹیکنالوجی“ کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی بدولت شہری اسمارٹ فون کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوا کر جدید ڈیجیٹل سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری اس ایپ میں دیئے گئے سروے کے ذریعے ہمیں اپنی مفید آراء سے ضرور آگاہ کریں۔