71

برڈفلو کے خلاف سائنسدانوں نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

ایمسٹرڈم: کرونا کے بعد دنیا میں تباہی پھیلانے والی وبا ‘ برڈفلو’ کے خلاف سائنسدانوں نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماہرین نے برڈ فلو سے لڑنے کیلئے دو نئی کارآمد ویکسینز تیار کرلی ہیں۔

ماہرین نے پہلے تجربے کے بعد باضابطہ طورپر اس کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان میں سے ایک ویکسین فرانس کی کیوا انیمل ہیلتھ نے بنائی ہے جبکہ دوسری جرمن کمپنی بوئرنجر نے تیار کی ہے جس میں ہالینڈ نے معاونت کی ہے۔

ہالینڈ میں ان دونوں ویکسین کی آزمائش کی گئی ہے جبکہ فرانس نے بطخوں اور اٹلی نے ٹرکی پرندوں پر اس کی آزمائش کی ہے۔ تاہم یہ ویکسین ایچ فائیو این ون کے خلاف آزمائی گئی ہے جو تیزی سے یورپ میں پھیل رہا ہے۔

ہالینڈ کے ایک اور شہر میں اسے مرغیوں پر آزمایا گیا ہے جبکہ دونوں ویکسین تجربہ گاہ میں بھی پرتاثیر دیکھی گئی ہیں۔

برڈ فلو کو ایویئن انفلوئنزا بھی کہا جاتا ہے اور پوری دنیا کے کئی ممالک میں اس کے واقعات بڑھ رہے ہیں جس کے باعث اب تک کل 20 کروڑ پرندوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے جبکہ صرف ہالینڈ نے 60 لاکھ پرندے تلف کئے گئے ہیں۔