33

انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر گورنر خیبر پختونخوا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست

پاکستان تحریک انصاف نے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کیخلاف صوبے میں انتخاب کی تاریخ کے اعلان سے گریز کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

اسپیکرخیبرپختونخوااسمبلی مشتاق غنی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق90 روز میں انتخابات کرانے کا فیصلہ دیا، عدالت نے گورنر کو الیکشن کمیشن کیساتھ مشاورت سے تاریخ دینے کی ہدایت کی۔

گورنر کےپی اور الیکشن کمیشن کے درمیان 2 مرتبہ مشاورت ہوئی، گورنر خیبرپختونخوا نے میڈیا پر الیکشن کیلئے 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا مگر الیکشن کمیشن نے تحریری طور پر تاریخ دینے کا کہا تو گورنر نے انکارکردیا۔

درخواست کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا انتخابات کی تاریخ نہ دیکرعدالتی حکم عدولی کررہے ہیں، استدعا ہے کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے پرعملدرآمد کیلئے صدرمملکت کو تاریخ دینے کاحکم دے، سپریم کورٹ صدر کو حکم نہیں دیتی تو ازخود انتخابات کی تاریخ مقررکرے جبکہ گورنرکےپی حاجی غلام علی کیخلاف توہین عدالت کی کارروئی کی جائے۔

خیال رہے کہ 3 دن قبل گورنر خیبر پختونخوا نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے اپنی ہی دی گئی تاریخ پر یو ٹرن لے لیا۔

گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام غلی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کہا گیا ہے کہ صوبے میں دہشتگردوں کا زور ہے۔ ملک کی معاشی حالت ٹھیک نہیں تو مردم شماری و حلقہ بندیاں ہونا بھی باقی ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ان چیلنجز کو حل کرنے کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پولنگ کی تاریخ مقرر کی جائے۔