85

پی ٹی آئی کا 2023 کے لیے نعرہ ہے، نظام بدلو، حالات بدلو

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا 2023 کے لیے نعرہ ہے، نظام بدلو، حالات بدلو۔

سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل پی ٹی آئی کی ریلی دن ایک بجے زمان پارک سے داتا دربار تک نکلے گی، عمران خان کافی وقت بعد باہر نکل رہے ہیں، کل سب لوگ گھروں سے نکل کر عمران خان کا استقبال کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جب نکلتے ہیں تو لاہور کی سڑکوں پر انقلاب آجاتا ہے، پی ٹی آئی کارکنان کا جوش و خروش دیدنی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان پر 77 جعلی مقدمات درج کیے گئے ہیں، رانا ثنا اللہ نے تسلیم کیا کہ وہ مانتے ہیں ان کی عمران خان سے ذاتی لڑائی ہے، کیا ملک رانا ثنا اللہ کی ذاتی لڑائی کی بنا پر چلے گا ؟

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے دور دور تک کوئی نشان نظر نہیں آرہے ہیں جب کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جون کے بعد آئی ایم ایف پروگرام کی مدت ختم ہورہی ہے، آئی ایم ایف کے نئے پروگرام سے پہلے ایک عوامی مینڈیٹ والی حکومت ضروری ہے۔