28

عدالت میں پیشی کے موقع پر عمران خان پر حملے کا خدشہ ہے، اسد عمر

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ عدالت میں پیشی کے موقع پر عمران خان پر حملے کا خدشہ ہے.

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ آج کل عمران خان کے خلاف ایک منظم مہم چلائی جارہی ہے، معاشی تباہی سے توجہ ہٹانے کے لئے عمران خان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کے خلاف پریس کانفرنس پر مقدمہ درج کردیا گیا۔ اب نیا طریقہ کار ہے درجنوں کی تعداد میں مقدمات درج کرتے جائیں، اس کے بعد لوگ پیشیاں بھگتیں اور شامل تفتیش ہوں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو کسی جج کے سامنے پیش ہونے کا کوئی مسئلہ یا انا نہیں،وہ تو حملے سے پہلے عدالتوں میں پیش ہوتے رہے، اب بھی مصدقہ اطلاعات ہیں کہ عمران خان پر دوبارہ حملہ ہو سکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عدالت میں پیشی کے موقع پر عمران خان پر حملے کا خدشہ ہے، لاہور اوراسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے کہ عمران خان کو ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔

اسد عمر نے کہا کہ جس ملزم نے عمران خان پر حملہ کیا اس کو ویڈیو لنک پر پیشی کی سہولت ہے، جس پر حملہ ہوا اس کو بھی ویڈیو لنک پر پیشی کی اجازت دی جائے۔