30

عمران خان کو لانے والے کہتے ہیں اگر یہ رہ جاتا تو پاکستان ٹوٹ جاتا: اسحاق ڈار

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال کی ذمہ داری عمران خان کی حکومت پر ڈال دی، انہوں نے کہا کہ جو آپ کو پیار سے گود میں اٹھا کر لائے ، انہیں بھی آپ کی کارکردگی کا پتہ ہے۔ آپ کو لانے والے کہتے ہیں اگر یہ رہ جاتا تو پاکستان ٹوٹ جاتا۔معیشت کی بحالی آسان نہیں،یہ کوئی سوئچ آن ، سوئچ آف کا بٹن نہیں۔ وزیرخزانہ نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کی خبروں کی تردید کردی۔ 

اسلام آباد میں غیرمعمولی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ   عمران خان کی ٹانگ نہیں دماغ بھی خراب ہے ۔ انہوں نے ڈیفالٹ ڈیفالٹ کی رٹ لگائی ہوئی ہے۔  عمران نیازی صاحب کو کچھ شیشہ دکھاتے ہیں 

وزیرخزانہ نے کہا کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں کہ اس حکومت نے ریاست یا سیاست کو بچانے کا فیصلہ کیا ۔عمران نیازی کی حکومت نے بیڑہ غرق کردیا تھا ، پی ٹی آئی نے 4 سال میں گردشی قرضوں میں اضافہ کیا۔

عمران نیازی کی حکومت نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا ۔ میں نہیں کہ رہا جو عمران کو لائے وہ کہہ رہے ہیں ۔ جو ان کو لائے وہ کہ رہے ہیں کہ اگر عمران رہ جاتا تو پاکستان ٹوٹ جاتا ۔ جنہوں نے عمران کا ہاتھ پکڑا ، انتخابات جتوائے ، وہ کہہ رہے ہیں  کہ اگر عمران رہ جاتا تو پاکستان کو بچانا مشکل تھا۔ ان کے غیر سنجیدہ اقدامات کی وجہ سے نقصان پہنچا ۔ کبھی سرمایہ کاری کانفرنس کرانے کا کہتے ہیں پھر وہاں نہیں جاتے ۔ کبھی ان کی گاڑیاں چلاتے ہیں کبھی انہیں آنکھیں دکھاتے ہیں۔ یہ ساری تباہی خان صاحب آپ کی وجہ سے ہے ۔ 

عمران خان خاموش رہیں ، لوز ٹاک نہ کریں ۔ پہلے بھی آپ کو چیلنج دیا تھا ۔ پھر کہ رہا ہوں سارے افلاطون لے آئیں ۔ دیکھ لیتے ہیں آپ نے کیا کیا ؟ ہم کیا کر رہے ہیں ؟ اور کیا کریں گے۔

استعفا دینے کے سوال پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ  کیوں استعفا دوں میں ؟ آپ نے اس ملک کا بیڑہ غرق کیا ہے۔ شبیر زیدی کون ہو تم ؟ اربوں روپے ریفنڈ میں دے کر گئے ہو۔ تم نے تو جوکچھ ملک کیساتھ کیا ہے تمہیں جیل میں ہونا چاہیے۔ ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں مت کریں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگوں نے کہا کہ اپوزیشن نے غلطی کی۔ میرے مطابق پی ڈی ایم کا حکومت سنبھالنے کا فیصلہ بالکل درست تھا۔ہم نے سیاست نہیں ریاست کو بچانے کا فیصلہ کیا ۔ اللہ کے فضل سے پاکستان نہ ڈیفالٹ تھا نہ ہوگا ۔ ہم مشکل حالات سے گزر  رہے تھے ۔لیکن اب اسٹیٹ بینک کے ذخائر بڑھ رہے ہیں۔ چین سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز رول اوور کرنے کی کارروائی مکمل ہوچکی ہے۔