80

بلدیاتی انتخابات:کراچی کی 1 یوسی میں دوبارہ گنتی میں پی پی کامیاب

  کراچی: ضلع شرقی صفورا ٹاؤن کی یونین کمیٹی نمبر 6 کے نتائج کی دوبارہ گنتی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔

پیپلز پارٹی کی درخواست پر یو سی 6 پہلوان گوٹھ کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین وائس چیئرمین 2096 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

اس سے پہلے اس یو سی پر جماعت اسلامی کے چیئرمین وائس چیئرمین کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔

جماعت اسلامی کے امیدوار کو 253 ووٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، مجموعی طور پر اس یونین کمیٹی میں 6090 ووٹ کاسٹ ہوئے تھے جن میں سے 480 کو مسترد قرار دے کر 5610 کو درست قرار دیا گیا۔

جماعت اسلامی کے چیئرمین وائس چیئرمین کے امیدوار نے 1843 ووٹ حاصل کیے۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے نمبر پورے نہیں ہوئے تو الیکشن کمیشن سے ریزلٹ رکوائے، 6 یونین کونسلز کے نتائج کو رکوا کر جعل سازی کی انتہا کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ کیا دہشتگردی ہے الیکشن کے نتائج بدلے جارہے ہیں، ہم خاموش گھر نہیں بیٹھے گے ہم آئینی وجمہوری حق استعمال کرینگے، جماعت اسلامی ایک ووٹ سے بھی دستبردار نہیں ہوگی۔