33

عمران خان کاآج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونےکافیصلہ

عدالتی حکم پر سابق وزیراعظم عمران خان آج شام 5 بجے  عدالت میں پیش  ہونے کا باضابطہ فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں تحریک انصاف کی جانب سے کارکنوں کو لاہور ہائیکورٹ پہنچنے کی کال دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان بڑے قافلے کی صورت میں لاہور ہائیکورٹ  کیلئے روانہ ہوں گے۔

قبل ازیں  زمان پارک لاہور میں  تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ میں پیش  ہونے کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں  نے عمران خان کی سیکورٹی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے سیکورٹی تحفظات دور نہ ہونے پر ہائیکورٹ پیش نہ ہونے کا مشورہ دے دیا ۔

پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زندگی  کو خطرات کا سامنا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ عمران خان کی گاڑی عدالت کے احاطے میں آنے کی اجازت دے ۔ عمران خان کی سیکورٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا ۔

تاہم عمران خان نے طویل مشاورت کے بعد عدالت کے احترام میں لاہور ہائیکورٹ پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ روانگی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ زمان پارک سے عمران خان قافلہ کی صورت میں روانہ ہوں گے۔ عمران خان کے استقبال کے لیے ہائیکورٹ کے باہر بھی کارکن موجود ہیں۔ زمان پارک میں بھی کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔