62

یاسمین راشد نے لیکڈ فون ٹیپ میں کی گئی گفتگو کو حق بجانب قرار دے دیا

پی ٹی آئی کی رہنما اور سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد نے لیکڈ فون ٹیپ میں غلام محمود ڈوگر سے ہونے والی گفتگو کو حق بجانب قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سابق سی سی پی او لاہور کی تقرری تحریک انصاف کا براہ راست مسئلہ ہے کیونکہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی جے آئی ٹی کی تحقیقات ان ہی کے پاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ان سے پوچھنے میں کیا غلطی ہے؟

یاسمین راشد نے کہا کہ فون ٹیپ کرنے والے شرم و حیا کریں، ان لوگوں نے ملک میں پرائیویسی تک نہیں چھوڑی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ انہیں پتا ہے کہ سہولت کار فون ٹیپنگ میں کیوں لگے ہوئے ہیں؟

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں سنا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد غلام محمود ڈوگر سے فون پر کہہ رہی ہیں کہ کوئی اچھی خبر سنا دیں، آرڈر ہوگئے ہیں؟ اس پر غلام محمود ڈوگرکا کہنا تھا کہ ابھی تک نہیں ملے آرڈر۔

مبینہ آڈیو میں یاسمین راشد نے کہا کہ ان کا ارادہ کیا ہے، ویسے ہی پوچھ رہی ہوں، جس پر غلام محمود ڈوگرکا کہنا تھا کہ نہیں نہیں وہ تو سپریم کورٹ سے آرڈر ہونے ہیں، جیسے ہی ہوں گے، مل جائیں گے، وہاں ہمارے بندے بیٹھے ہوئے ہیں، وہ ڈاک جاتی ہے ناں ساتھ، تو جج صاحبان سائن کرتے ہیں اس پر۔