48

وفاقی کابینہ نے ٹیکس قوانین 2023 بلز کی منظوری دے دی، اعلامیہ جاری

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کےاجلاس میں فنانس سپلیمنٹری بل 2023 کی منظوری دیدی گئی، اجلاس کا اعلامیہ جاری۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کو آئی ایم ایف کے 9 ویں جائزے سے متعلق اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران کابینہ کو اصلاحات کے نتیجے میں لگژری آئٹمز پر اضافی ٹیکسز عائد کرنے اور جنرل سیلز ٹیکس میں ایک فیصد اضافہ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10 اور 13 فروری جبکہ وفاقی کابینہ کی کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 9 فروری کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔

اجلاس کے حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر بڑے پیمانے پر سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے، کفایت شعاری پالیسی کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا، اپنے ذرائع آمدن کے اندر رہتے ہوئے ہم معاشی مشکلات پرقابو پاسکیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نےمشکل حالات میں اقتدارسنبھالا، ریاست کو بچانے کیلئے سیاست کی قربانی دی، گزشتہ حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا خمیازہ 22 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں، سادگی اور کفایت شعاری کے نام پر کھوکھلے نعروں سے گزشتہ حکومت نے دھوکا دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بھرپورکوشش کررہی ہےغریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، لگژری آئٹمز پر ٹیکس بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے ترکیہ زلزلہ متاثرین فنڈ کا نام ترکیہ و شام زلزلہ متاثرین فنڈ رکھنے کی منظوری دی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی اور ہزاروں افراد کی اموات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زلزلہ متاثرین کیلئے ریلیف فنڈ میں عوام سے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جو تباہی ہوئی اس کی عصرِ حاضر میں مثال نہیں ملتی، ترک صدر اور شام کے وزیراعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ ہواہے، پاکستان ترکیہ اور شام کے زلزلہ میں متاثر اپنے بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے بتایہ کہ پاکستان کی فضائیہ، ریسکیو اہلکار اور این جی اوز امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں، پاکستان کی جانب سے خیمے، کمبل، گرم کپڑے اور اشیائے ضروریہ سمیت دیگر امدادی سامان ترکیہ اور شام کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔