59

پیپلزپارٹی ایم کیو ایم کے مطالبات ماننے کو تیار ہوگئی

پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کے مطالبات ماننے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور اس کے بدلے ایم کیو ایم قیادت سے دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی وفاقی میں اپنی اتحادی ایم کیو ایم کے مطالبات ماننے کو تیار ہوگئی ہے، اس حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنرسندھ کامران ٹیسوری آج ایم کیوایم بہادرآباد مرکزجائیں گے، جہاں وہ ایم کیو ایم قیادت کو پیپلز پارٹی کا پیغام پہنچائیں گے، اور 12 فروری کو شیڈول دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، مرتضیٰ وہاب اور سعید غنی پر مشتمل پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن سے ملاقات کی تھی۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے گھر میں ہوئی، جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ایم کیو ایم کے مطالبات پر پیپلزپارٹی رہنماؤں نے وقت مانگا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں 53 یوسیز میں اضافہ کرنے اور حیدرآباد میں دیہی علاقوں کو شہری علاقوں میں شامل کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس پر پیپلزپارٹی کی قیادت نے ان کے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے 15 جنوری کو کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم سندھ ہائی کورٹ نے دونوں شہروں میں بلدیاتی انتخابات کا حکم دیا تھا۔

کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے بعد ایم کیو ایم نے بھرپور احتجاج کیا اور وفاق سے علیحدہ ہونے کی بھی قیاس آرائیاں سامنے آئیں، تاہم ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت نے اپنا احتجاج دھرنے کی صورت ریکارڈ کرنے کا عندیہ دیا اور 5 فروری کو سربراہ ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ہفتے کےلیے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کو الٹی میٹم دے رہے ہیں، کراچی کا ایوان اگلے اتوار سے فوارہ چوک پر لگے گا، اور فیصلہ ہوگا کون ایم این اے اور کون میئر ہوگا۔