25

سیکیورٹی خدشات؛ جیل حکام نے شیخ رشید کو آر او کے سامنے پیش نہ کیا

 راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو سیکیورٹی خدشات کے باعث ریٹرننگ افسر این اے 62 راولپنڈی کے پاس پیش نہیں کیا گیا۔

 سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اسکروٹنی عمل میں شامل ہونے کیلئے ریٹرننگ افسر نے طلب کیا تھا تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث پیش نہیں کیا جاسکا، جیل حکام نے ریٹرننگ آفیسر کو آگاہ کردیا۔

دوسری جانب شیخ رشید احمد کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے تاہم کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی جارہی ہے، فارم جمع کروانے کے دوران کسی امیدوار یا شہری نے کوئی اعتراض نہیں اُٹھایا۔

سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق اور سابق ایم پی اے پنجاب اسمبلی راشد حفیظ بھی ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچ گئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد نے کہا کہ رات ساڑھے 7 بجے فون جیل سے آیا کے شیخ رشید کو پیش نہیں کریں گے، جیل حکام نے کہا کے ریٹرننگ افسر کا آرڈر نہیں مانتے۔

راشد شفیق نے کہا کہ شیخ رشید کے پیش ہوئے بغیر آر او نے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ہیں، انہیں آئندہ ہفتے انصاف مل جائے گا۔ خون کے آخری قطرے تک شیخ رشید اعلان کرچکے ہیں کہ عمران خان کے ساتھ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید کے خلاف ایک پیسہ کی کرپشن کا الزام نہیں ہے،آج ہم شیخ رشید کے گھر سے پیسے اور جو اشیاء اسلام آباد پولیس لے گئی تھی اس کی حوالگی کی درخواست دے رہے ہیں۔

شیخ راشد نے کہا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ ذہنی طور پر جیل سے الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں۔