42

واٹس ایپ اسٹیٹس کے لیے متعدد بڑی تبدیلیاں متعارف

واٹس ایپ کی جانب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اسٹیٹس سیکشن کے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اب واٹس ایپ اسٹیٹس پہلے کے مقابلے میں بالکل مختلف انداز کے محسوس ہوں گے۔

مجموعی طور پر 5 نئے فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

یہ فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ 7 فروری سے شروع ہوگیا ہے اور آنے والے ہفتوں میں  تمام صارفین انہیں استعمال کرسکیں گے۔

1)پرائیویٹ آڈینس سلیکٹر

ہوسکتا ہے کہ آپ اپنے ہر اسٹیٹس کو تمام کانٹیکٹس سے شیئر نہ کرنا چاہتے ہوں اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین یہ انتخاب کرسکیں گے کہ ان کے پوسٹ کیے گئے اسٹیٹس کونسے افراد دیکھ سکیں گے۔اس کے لیے پرائیویسی سیٹنگز میں جاکر آڈینس کا انتخاب کرنا ہوگا۔

2)وائس اسٹیٹس

اب صارفین 30 سیکنڈ تک کے وائس میسج کو ریکارڈ کرکے اسٹیٹس کے طور پر بھی پوسٹ کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق ٹائپنگ کی بجائے بول کر اپنے جذبات کا اظہار کرنا صارفین کے لیے زیادہ اطمینان بخش ہوگا۔

3)اسٹیٹس ری ایکشنز

واٹس ایپ میسجز کی طرح اب دوستوں اور رشتے داروں کے اسٹیٹس پر آپ ایموجی ری ایکشنز کے ذریعے جذبات کا اظہار کرسکیں گے۔کمپنی کے مطابق یہ وہ فیچر ہے جس کا مطالبہ صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ کیا جا رہا تھا۔

اس اپ ڈیٹ کے بعد کسی بھی اسٹیٹس پر swiping up کرکے 8 ایموجیز میں سے کسی ایک کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

4)نئی اپ ڈیٹس کے لیے اسٹیٹس پروفائل رِنگز

اس فیچر کے متعارف ہونے کے بعد جب بھی کسی صارف کی جانب سے اسٹیٹس اپ ڈیٹ پوسٹ کی جائے گی تو کانٹیکٹ پروفائل کے نام کے اردگرد ایک رِنگ بن جائے گا جو چیٹ لسٹ، گروپ لسٹ اور کانٹیکٹ انفو میں نظر آئے گا، اس رِنگ پر کلک کرکے آپ اسٹیٹس دیکھ سکیں گے۔

5)لنک پریویو

اب اسٹیٹس پر آپ کوئی ویب لنک پوسٹ کریں گے تو اس کا ویژول پریویو بن جائے گا جیسا کسی چیٹ میں میسج بھیجنے کے بعد نظر آتا ہے۔

کمپنی کے مطابق ویژول پریویو سے اسٹیٹس زیادہ اچھے نظر آئیں گے جبکہ کانٹیکٹس کو اندازہ ہوسکے گا کہ وہ کس طرح کے لنک پر کلک کرنے والے ہیں۔