27

قوم فیصلہ کر چکی ہے، اب کوئی انہیں روک نہیں سکتا، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ پرانے نظام کے دن ختم ہورہے ہیں، قوم فیصلہ کر چکی ہے، اب کوئی انہیں روک نہیں سکتا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کبھی پرویز الہٰی تو کبھی شاندانہ گلزار کے گھر پر چھاپے مارے جاتے ہیں، ملک نازک دور سے نہی تاریخ ساز دور سے گزر رہا ہے، ملک میں ہیجان کی کیفیت نظر آرہی ہے، ان کو نظر آرہا ہے کہ پرانے نظام کے دن ختم ہورہے ہیں، قوم فیصلہ کر چکی ہے، اب کوئی انہیں روک نہیں سکتا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی آپس کی لڑائی ختم نہیں ہوتی، یہ روز بیان بدل دیتے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر گرنے لگے اور معاملات اِن کے ہاتھ سے نکل گئے تو پھر بیان بدل لیا کہ یہ تو عمران خان کا معاہدہ تھا۔

اسد عمر نے کہا کہ اسحاق ڈار کی شدید خواہش تھی کی مفتاح اسماعیل کو کرسی سے ہٹایا جائے، اسحاق ڈار نے کہا کہ سب سنبھال لوں گا، آئی ایم ایف کو دیکھ لوں گا، معاملات ہاتھ سے نکل گئے تو پھر کہنا شروع کردیا کہ عمران خان کا معاہدہ تھا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف وفد پاکستان میں ہے، مذاکرات ہورہے ہیں، جب آئی ایم ایف سے نیا معاہدہ ہوا ہماری حکومت ختم ہوئے 5 ماہ ہوچکے تھے، اگر معاہدہ عمران خان کا ہے تو مذاکرات کس بات پر ہورہے ہیں۔

الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے معاشی صورتحال خراب ہے، الیکشن نہ کرانے کا بیان دے کر آئین توڑنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اس وقت ملک میں دو طرح کے دہشتگرد ہیں، ایک دہشت گرد وہ ہیں جو خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کررہے ہیں، دوسرے دہشت گرد آئین قانون توڑ کر حکومتی معاملات چلا رہے ہیں۔