35

شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے ۔

جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد عمر شبیر نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی۔

دوران سماعت شیخ رشید کے وکیل انتظارپنجوتھا ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل سازش سے متعلق عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا اور کہا وہ جو کہہ رہے ہیں ٹھیک کہہ رہے ہیں، پولیس کے سامنے بھی قتل ہوجائے تو مقدمہ اتنی جلدی درج نہیں ہوتا جب کہ شیخ رشید کا بیان نشر ہونے سے دو روز قبل ہی مقدمہ درج ہوگیا تھا۔

انتظارپنجوتھا ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق پولیس کو شیخ رشید کا موقف لینا چاہیے تھا، عمران خان کے خلاف قتل کی سازش ہو رہی جس پر مقدمہ نہیں بنایا جارہا، البتہ آصف زرداری کی بدنامی پر مقدمہ درج کردیا گیا۔

شیخ رشید کے وکیل نے اپنے موکل کی ضمانت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کے بیان کے بعد کوئی سیاسی مہم یا ناخوشگوارواقعہ نہیں ہوا۔

مدعی کے وکیل سلمان منیر نے درخواست ضمانت کے خلاف دلائل میں موقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کے گزشتہ بیانات اشتعال پھیلانے پر مبنی ہیں، 90کی دہائی میں شیخ رشیدپرمقدمہ ہوااورسزا بھی ہوئی، شیخ رشید دوران حراست بھی قابو میں نہیں آرہے،ضمانت ملنے پر شیخ رشید پھر شہریوں میں اشتعال پھیلائیں گے۔

فاضل جج نے شیخ رشید کے وکیل سے استفسار کیا کہ شیخ رشید نے اسپتال میں وزیر داخلہ کی خلاف بھی بیان دیا، کیا اس سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ نہیں ہے؟، جواب میں انتظار پنجوتھا ایڈووکیٹ نے کہا کہ شیخ رشید نے دوران حراست بیان دیا اورایسے بیان کی کوئی اہمیت نہیں۔