63

انوپم کھیر، انیل کپور کرکٹر رشبھ پنت کی عیادت کیلئے اسپتال پہنچ گئے

دہرادون: بالی ووڈ کے سینئر اداکار، سیاسی رہنما انوپم کھیر اور انیل کپور بھارتی قومی کھلاڑی رشبھ پنت سے ملاقات کیلئے اسپتال پہنچ گئے۔

رپورٹ کے مطابق انیل کپور اور انوپم کھیر خطرناک کار حادثے کا شکار ہونے والے رشبھ پنت سے ملاقات کیلئے دہرادون کے اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے قومی کھلاڑی کی عیادت کی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انوپم کھیر نے کہا کہ ’ہمیں معلوم ہوا کہ رشبھ پنت کار حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، اس لیے میں اور انیل ایک عام شہری ہونے کے ناطے ان سے ملنے آئے ہیں ہم ان کی والدہ سے ملے ان کے حوصلے بلند ہیں، پورے ہندوستان کی دعائیں رشبھ اور ان کے گھر والوں کے ساتھ ہیں، وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے‘۔

 

انیل کپور نے کہا کہ ہم نے رشبھ سے ملاقات کی ان سے بات چیت بھی کی وہ بہتر حالت میں ہیں اور جلد ٹھیک ہوجائیں گے آپ سب سے بھی گزارش ہے کہ ان کیلئے دعا کریں کہ وہ صحتیاب ہو جائیں اور ہم انہیں پھر سے ہندوستان کیلئے کھیلتا ہوا دیکھیں۔


بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر رشبھ پنت جمعہ کی صبح اتراکھنڈ سے دہلی جاتے ہوئے کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے انہیں ماتھے اور کمر پر چوٹیں آئی ہیں جبکہ دائیں گھٹنے کے ٹیشوز بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رشبھ پنت کی گاڑی کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب ڈرائیونگ کے دوران ان کی آنکھ لگ گئی تھی اور کار ہائی وے کی ریلنگ سے ٹکرا گئی تھی۔