اداکارہ طوبیٰ انور نے انکشاف کیا ہے کہ کسی نے ان کا موبائل نمبر لیک کردیا ہے جس کے بعد انہیں نفرت انگیز اور غیر اخلاقی پیغامات موصول ہورہے ہیں۔
طوبیٰ انور نے انسٹاگرام پر اسٹوریز پوسٹ کیں اور بتایا کہ انہیں واٹس ایپ پر متعدد نمبرز سے غلط پیغامات بھیجے جارہے ہیں جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ 'کسی نامعلوم شخص نے میرا نمبر لیک کردیا ہے جس کے بعد مجھے سیکڑوں کی تعداد میں فحش اور غیر اخلاقی پیغامات بھیجے جارہے ہیں، مجھے حیرانی ہے کہ کیسے لوگ ان سب فضول چیزوں کے لیے وقت اور توانائی ضائع کرتے ہیں'۔
اسکرین شاٹ: طوبیٰ انور
اداکارہ نے لکھا کہ 'مجھے ملنے والے پیغامات اس قدر غلیظ ہیں کہ میں انہیں یہاں شیئر بھی نہیں کرسکتی، میں پچھلے کئی ماہ سے یہ سب برداشت کررہی ہوں، یہ حرکت دوسروں کر پریشان کرنے والی ہے'۔
طوبیٰ نے خوفزدہ ہوتے ہوئے کہا کہ 'مجھے ڈر ہے کہ کہیں کوئی میرا نمبر ٹریس کرکے میرے گھر تک نہ پہنچ جائے اور مجھے کوئی نقصان نہ پہنچا دے، یہ سب حد سے زیادہ پریشان کن اور تکلیف دہ ہے'۔
اسکرین شاٹ: طوبیٰ انور
طوبیٰ انور نے نمبر لیک کرنے والے کے لیے کہا کہ 'جس کسی نے بھی بدلے، تفریح یا نفرت کی آگ میں آکر یہ حرکت کی ہے وہ یہ جان لے کہ یہ دوسروں کے لیے بہت زیادہ پریشانی کا باعث ہوسکتا ہے'۔
اسکرین شاٹ: طوبیٰ انور
انہوں نے مزید لکھا کہ 'دوسروں کی ذاتی معلومات شیئر کرکے انہیں ہراساں کرنا بند کریں'۔
یاد رہے کہ طوبیٰ انور نے شہرہ آفاق ٹی وی میزبان مرحوم عامر لیاقت سے 2018 میں خفیہ شادی کی تھی جس کا اعلان عامر لیاقت نے 2020 میں کیا تھا۔
دونوں کے درمیان 2021 میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں، بعدازاں فروری 2022 میں طوبٰی انور نے عامر لیاقت سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔