طبی ماہرین کی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گوشت نہ کھانے والے سبزیوں کے شوقین افراد ڈپریشن جیسی خطرناک بیماری کا شکار ہوسکتے ہیں۔
ماضی میں ہونے والی طبی تحقیقات میں زیادہ گوشت خوری کو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ گوشت کا زیادہ استعمال لوگوں میں دل اور اس سے جڑے امراض کا سبب بن سکتا ہے۔ تاہم اب ایک نئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جو لوگ گوشت نہیں کھاتے وہ بھی خطرناک مرض میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔
اس موضوع پر طویل تحقیق برازیل میں کی گئی اور ایک طبی جریدے سائنس ڈائریکٹ میں شائع ہوئی۔ اس تحقیقی رپورٹ کے مطابق جو لوگ گوشت نہیں کھاتے بلکہ سبزیوں کے شوقین ہوتے ہیں اور اپنی خوراک کے لیے اسی پر اکتفا کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں میں ڈپریشن کے مرض کا شکار ہونے کے امکانات دیگر افراد کے مقابلے میں دگنے ہوجاتے ہیں۔
ماہرن نے اس تحقیق کا دائرہ 14 ہزار سے زائد بالغ افراد تک وسیع کیا جن کی عمریں 35 سے 75 برس کے درمیان تھیں۔ ان لوگوں سے ان کی خوراک سے متعلق سوالات کیے گئے جس کے بعد ماہرین نے تحقیق میں شامل تمام افراد کے انٹرویر کیے اور ان کے باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) جانچنے کے علاوہ ان کے دیگر ٹیسٹس بھی کیے۔
ماہرین نے رضاکاروں کے طرز زندگی کو بھی مدنظر رکھا اور ان کے معاشی اور سماجی حالات کا جائزہ بھی لیا۔ جس کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ عام طور پر ڈپریشن میں وہ لوگ مبتلا ہو رہے ہیں جو وسائل رکھنے کے باوجود جان بوجھ کر گوشت نہیں کھاتے۔
ماہرین کے مطابق عام طور پر جو افراد معاشی و سماجی سطح پر اچھی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں اور وہ گوشت کھانے سے پرہیز کرتے ہیں تو ان میں ڈپریشن کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ جب کہ جو لوگ استطاعت نہ رکھنے کی وجہ سے گوشت نہیں کھا پاتے تو ان میں ڈپریشن کو جانچنا مشکل ہوجاتا ہے، کیوں کہ ایسے لوگ سماجی و معاشی مسائل کا بھی شکار ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سبزی کھانے والے افراد میں ڈپریشن کا شکار ہونے کے امکانات دگنے پائے گئے۔ تاہم تحقیق میں یہ مکمل طور پر واضح نہیں ہے کہ ڈپریشن کا شکار صرف سبزی کھانے اور گوشت سے پرہیز ہی سے ہے۔
ماہرین نے اپنی تحقیق میں واضح کیا ہے کہ مکمل طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ڈپریشن کا سبب صرف سبزی کھانا ہی ہے، تاہم تحقیق سے اس بات کے شواہد ملے کہ گوشت نہ کھانے والے افراد کے مقابلے سبزی خور زیادہ ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر اس کا سبب گوشت میں پائی جانے والی وٹامنز اور آئرن کی کمی کی وجہ سے دماغ متحرک نہیں رہتا اور ڈپریشن کا شکار ہوجاتا ہے۔