44

عروہ حسین کو 50لاکھ ہرجانے کا نوٹس

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ سونیا حسین نے فلم پروڈیوسر عروہ حسین کو 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس ارسال کردیا۔

عروہ حسین نے حال ہی میں اپنی فلم ’ٹچ بٹن‘ سے فلم پروڈکشن کی دنیا میں قدم رکھا ہے ان کی  فلم  کی اسٹار کاسٹ میں ان کے شوہر فرحان سعید، فیروز خان ، ایمان علی اور سونیا حسین شامل ہیں۔

فلم 11 نومبر کو ریلیز کی جائے گی جبکہ ان دنوں فلم کی پروموشن کی جارہی ہے جس میں سونیا حسین نظر  نہیں آرہیں۔

تاہم خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سونیا حسین فلم کے ٹریلر کی لانچ اور پروموشن سے اس لئے غائب ہیں کیونکہ انہیں تاحال اس فلم کا طے کردہ معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔

ایک سوشل میڈیا پیج کے مطابق سونیا حسین نے  معاوضے کے معاہدے کی خلاف ورزی پر فلم پروڈیوسر عروہ حسین کو 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

سونیا حسین کے مطابق عروہ حسین اور ان کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ شوٹنگ ختم ہوتے ہی معاوضہ ادا کردیا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا۔شوٹنگ کو ختم ہوئے دو سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن تاحال فلم کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔

سونیا حسین نے عدالتی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ’معاوضے کے لیے عروہ کو کئی مرتبہ یاد دہانی کروائی گئی لیکن انہوں نے کوئی مناسب جواب تک نہیں دیا بلکہ رواں برس صرف 5 لاکھ کا چیک بھجوایا جو میں نے انہیں‌ واپس کر دیا۔ لہذا اب میں ‌قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں‘۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عروہ حسین کے اس غیر مناسب  رویے کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا وہ جذباتی طور پر کمزور پڑ گئیں اور اپنے ہی پیسے مانگنے کے لیے شرمندہ کا سامنا کرنا پڑا، اس لیے اب پروڈیوسر انہیں ہرجانے کے لیے 50 لاکھ روپے ادا کریں۔

علاوہ ازیں نوٹس میں کہا گیا ہے کہ  عروہ حسین آئندہ 14 روز میں سونیا حسین کے قانونی نوٹس کا جواب دیں، دوسری صورت میں ان کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ عروہ حسین کی پروڈیوس کردہ فلم ٹچ بٹن 11 نومبر کو پاکستان کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی تاہم فلم ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے جس سے اس کے بزنس کو بھی نقصان کا خدشہ ہے۔