42

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ایک ہفتے میں 80 کروڑ کمانے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی

کراچی: میگا کاسٹ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے ایک ہفتے میں 80 کروڑ روپے کما کر پاکستانی سینما کی نئی تاریخ رقم کردی۔

فلم کو 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ریلیز کیا گیا تھا اور پوری دنیا میں ایک ہزار کے قریب اسکرینز پر دکھایا گیا۔

’مولا جٹ‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن 10 کروڑ روپے کمائے اور پھر محض 5 دن میں 50 کروڑ روپے کماکر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

پاکستانی سینما کی تاریخ میں آج تک کسی فلم نے پانچ دن میں 50 کروڑ روپے نہیں کمائے جب کہ اب اس فلم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے ایک ہی ہفتے میں 80 کروڑ روپے کماکر نیا اعزاز حاصل کرلیا۔

فلم کے آفیشل انسٹاگرام پر فلم کی ایک ہفتے کی کمائی سے متعلق پوسٹ میں بتایا گیا کہ فلم نے دنیا بھر سے 36 کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 80 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔

فلم نے سب سے زیادہ کمائی مقامی باکس یعنی پاکستان سے ہی کی، فلم نے ملک سے ایک ہی ہفتے میں 10 لاکھ امریکی ڈالرز کے قریب کمائی کی، دوسرے نمبر فلم نے خلیجی ممالک سے پیسے بٹورے۔

ایک ہی ہفتے میں 80 کروڑ روپے کمانے کے بعد فلم نے اپنے بجٹ سے زیادہ پیس بٹور لیے، رپورٹس کے مطابق فلم کو 50 سے 60 کروڑ روپے میں بنایا گیا تھا۔

فلم کے ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا نے بتایا تھا کہ فلم کو بنانے میں بہت پیسے لگے، جس وجہ سے ملک میں فلم کی ریلیز کے پہلے ہفتے اس کے ٹکٹس 200 روپے تک مہنگے بیچے گئے۔

یہ فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے، جس میں حمزہ علی عباسی، فواد خان، ماہرہ خان اور حمیمہ ملک سمیت دیگر افراد نے کام کیا، اس کی ہدایات بلال لاشاری نے دیں جب کہ اسے عمارہ حکمت نے پروڈیوس کیا۔