70

سی وی میں کی جانے والی غلطیاں جو ملازمت کا حصول مشکل بنائیں

موجودہ عہد میں ملازمت کا حصول مشکل ہوتا جارہا ہے کیونکہ غیریقینی صورتحال کے ساتھ مسابقت بھی بڑھ گئی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اچھی سی وی یا تعلیمی کوائف اور تجربے کی سمری کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔

سی وی تیار کرنے سے قبل کچھ وقت تک اپنی مضبوطی، کمزوری اور مقاصد کے بارے میں سوچیں اور یہ ذہن میں رکھیں کہ آپ کو کس سے مسابقت کا سامنا ہوسکتا ہے جبکہ کونسی صلاحیتیں آپ کو منفرد بناسکتی ہیں۔

جب اس بارے میں سوچ لیں تو پھر سب سے اہم اور مشکل چیز ان خیالات کو کاغذ پر اتارنا ہوتا ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے آفس فار کیرئیر سروسز کے مطابق بیشتر افراد سی وی تیار کرتے ہوئے چند بڑی غلطیاں کرتے ہیں جس کے باعث ملازمت کا حصول ناممکن ہوجاتا ہے۔

اسپیلنگ اور گرامر کی غلطیاں

اکثر افراد اسپیلنگ اور گرامر کی اہمیت کو نظرانداز کردیتے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ جو ملازمت وہ کرنا چاہتے ہیں اس کے لیے گرامر کی ضرورت نہیں۔

کسی بھی ملازمت کے لیے تفصیلات پر توجہ مرکوز کرنے اور لوگوں سے بات چیت کرنے کے انداز جیسی 2 صلاحیتیں بہت اہم ہوتی ہیں اور زبان و بیان کا خیال رکھنے سے اس کا اظہار ہوتا ہے۔

اس سے کمپنی کے عہدیداران کو معلوم ہوتا ہے کہ آپ اپنے کام پر توجہ مرکوز کرسکتے ہیں اور واضح انداز سے دوسروں سے زبانی یا ای میلز کے ذریعے بات کرسکتے ہیں۔

زمانہ ماضی کے الفاظ کا استعمال

اپنی سی وی میں ماضی یا passive language کا استعمال کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس طرح فاعل یا سبجیکٹ کی جگہ مفعول یا object لے لیتا ہے جو الجھن کا باعث بنتا ہے۔

درحقیقت اس طرح کی سی وی میں عموماً بہت زیادہ الفاظ استعمال ہوتے ہیں اور جملوں میں ربط نہیں ہوتا۔

یہی وجہ ہے کہ ہارورڈ کے ماہرین کی جانب سے active voice کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

کانٹیکٹس کی غیرضروری تفصیلات یا کچھ شامل کرنا بھول جانا

سی وی کے اوپر آپ کا نام (بڑے اور بولڈ الفاظ میں)، رہائشی پتا، ذاتی ای میل اور فون نمبر جیسی تفصیلات ہونی چاہیے۔

کئی بار ویب سائٹ یا پورٹ فولیو کا لنک شامل کرنا مناسب ہوسکتا ہے مگر اس سے ہٹ کر مزید تفصیلات بیکار ہوتی ہیں۔

یعنی سی وی میں تصویر لگانے یا ریفرنس کی فہرست شامل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

جامع نہ ہونا یا کچھ زیادہ ڈیزائننگ

رنگین کی بجائے واضح ہیڈنگز اور اسپیس والی سی وی زیادہ نمایاں ہوتی ہے جبکہ باکسز یا لائن بارڈرز کا بہت زیادہ استعمال توجہ بھٹکانے کا باعث بنتا ہے۔

یہ بات یقینی بنائیں کہ سی وی کو پڑھنا آسان ہو اور خالی جگہ یا وائٹ اسپیس میں توازن ہو۔

اسی طرح انڈر لائنز، اٹالک، بولڈ اور کیپیٹل الفاظ کا استعمال مخصوص چیزوں کو نمایاں کرنے کے لیے کریں۔

جب کسی سیکشن میں تفصیلات کا اندراج کریں تو نمبر یا حروف تہجی کی بجائے بلٹ پوائنٹس کا استعمال کریں۔

بہت زیادہ طویل ہونا

اگر تو آپ کسی ایگزیکٹیو پوزیشن کے لیے اپلائی کررہے ہیں تو طویل سی وی ٹھیک ہے ، اس سے ہٹ کر سی وی کو ایک صفحے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے (زیادہ سے زیادہ 2 صفحات ہونے چاہیے)۔

اسی طرح ضمیر متکلم یعنی میں یا میرے کا استعمال مت کریں کیونکہ سی وی دیکھنے والے کو علم ہے کہ یہ سب کچھ آپ کے بارے میں ہی ہے۔