40

میرا اب ٹی وی ڈراموں میں واپس آنا مشکل ہے، فواد خان

لاہور: پاکستان کے معروف اداکار فواد خان نے ٹیلی ویژن اسکرین کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ٹی وی اسکرین پر غیر موجودگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اب میرے لیے ٹی وی ڈراموں میں واپس آنا مشکل ہے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ میری عمر زیادہ ہوگئی ہے اور زیادہ تر ٹیلی ویژن پروگرامز نوجوانوں کی زندگی کی کہانیوں پر مبنی ہیں۔

فواد خان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ٹیلی ویژن اسکرین ہماری نوجوان نسل کے لیے ہے، اس لیے میرا اب ٹی وی اسکرین پر واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ فواد خان نے ٹیلی ویژن اسکرین سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا اور پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کو کئی بلاک بسٹر ڈرامے دیے جوکہ آج بھی مداحوں کی جانب سے پسند کیے جاتے ہیں۔

اداکار کو پاکستانی ٹی وی اسکرین پر ناصرف پاکستانی ناظرین نے پسند کیا بلکہ اُنہیں سرحد پار بھارت میں بھی اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے بہت مقبولیت حاصل ہوئی، جس کے بعد اُنہوں نے بالی ووڈ میں بھی اپنی قسمت کو آزمایا۔

فواد خان اب تک کئی بالی ووڈ فلموں میں کام کرچکے ہیں اور آج ان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور چہروں میں ہوتا ہے۔

جب سے فواد خان بالی ووڈ میں اپنی قسمت آزمانے کے لیے ممبئی گئے تو پاکستانی ٹی وی اسکرین سے اُوجھل ہوگئے۔