101

پاکستانی فلم ہیرو بلال اشرف ٹی وی ڈرامے میں ڈیبیو کیلئے تیار

کراچی: مشہور پاکستانی فلموں رنگریزا، جانان، یلغار اور ٹیلی فلم ایک ہے نگار جیسی بہترین فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بلال اشرف جلد ہی ڈرامے میں ڈیبیو کرنے والے ہیں۔

بڑے پردے پر آئے دن مرکزی کردار نبھاتے نظر آنے والے بلال اشرف پاکستان کے ان صلاحیتوں سے بھرپور اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے فلموں سے ہی اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز کیا تھا تاہم اب وہ پہلی مرتبہ ڈرامہ کرنے جارہے ہیں۔

بلال اشرف خوبرو اداکارہ مایا علی کے ہمراہ جلد ہی ڈرامے ’یوں ہی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

بلال اشرف نے انسٹاگرام پر ڈرامے کی شوٹنگ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے پہلے ڈرامے کی شوٹنگ شروع ہوچکی۔

یاد رہے کہ معروف ڈرامہ ڈائریکٹر احتشام الدین کی ہدایتکاری میں بننے والے اس ڈرامے کی کہانی کیا ہے یہ اب تک واضح نہیں ہوا ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ ڈرامے کی کہانی رومانوی ہوگی کیونکہ مایا علی اور بلال اشرف کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جاتا ہے۔